شمالی وزیرستان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 4 اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید

Published On 26 October,2024 03:45 pm

میر علی: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔

 

میرعلی کے علاقے عیدک میں پولیس اور آرمی کی جوائنٹ چیک پوسٹ ’اسلم‘ پر خودکش حملے میں 8 افراد شہید اور 5 زخمی ہوئے ہیں۔

 

سینئر پولیس آفیسر کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشہ چیک پوسٹ سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑا دیا، شہید افراد میں 4 پولیس اہلکار، 2 فوجی اور 2 عام شہری شامل ہیں، دھماکے میں چیک پوسٹ کے ساتھ ساتھ ایک فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

زخمیوں کو فوری طور پر میران شاہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث شہید افراد کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے، سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا اور مزید کارروائی جاری ہے۔

سپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کی شہادت ہوئی، ان بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس ہمیشہ صف اول میں کھڑی ہے۔

ایک دوسرے واقعے میں صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک کے گاؤں گل امام میں فوجی قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا، دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔