کراچی :(دنیا نیوز) نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس اب نہیں چلیں گی، سندھ حکومت نے نجی گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹس لگانے کے خلاف کارروائی ہوگی، حکومت سندھ عوامی خدمات کی فراہمی کےلئےپرعزم ہے۔
شرجیل میمن نے ہدایات جاری کیں کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی اور نمبر پلیٹس کی چیکنگ کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں، نقد ڈیلنگ ختم ہونے سے عوام کو بہترین سہولت ملے گی اور شفافیت کو بھی فروغ ملے گا، حکومت سندھ کے ویژن کے تحت ٹیکس ادائیگی کا نظام مزید آسان ہو جائے گا۔
صوبائی وزیر نے فنڈ ریزنگ کے لئے پریمئیم اور پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی کے لئے رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ پریمئم اور پرسنل نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی کو مزید تیز کرنے کے لئے مہم چلائی جائے۔