اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ نون میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی سمیت 12 دفعات شامل ہیں۔
اعظم سواتی، عمر ایوب، بیرسٹر سیف، پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مغل، حفیظ الرحمٰن ٹیپو سمیت 2000 سے 2500 تک نامعلوم افراد بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل عبد الحمید کو اغواء کر کے تشدد کیا گیا، بانی پی ٹی آئی اور علی امین گنڈاپور کی ایما پر مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا۔
مقدمے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر ڈنڈوں، پتھروں اور آہنی راڈوں سے حملے کیے، انہوں نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑیں اور اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، سرکاری اور عوامی املاک کو جلایا، حکومت اور ریاست کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کا کانسٹیبل عبدالحمید تشدد کے دو روز بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔