اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کے پیش نظر قومی اسمبلی کے اجلاس میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، صرف میڈیا کے ان نمائندوں کو پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت ہو گی جن کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے فل سیشن پریس گیلری کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے پریس گیلری کارڈ جاری کرنے پر سختی کی گئی ہے، آج ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے ون ڈے پریس گیلری کارڈ جاری نہیں کیے جائیں گے، پارلیمنٹ کے گیٹ نمبر ایک پر کوریج کرنے والے کیمرہ مینوں کی انٹری مرتب کردہ لسٹ کے ذریعے ہو گی۔
ترجمان قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی وجوہات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے تمام صحافی حضرات سے گزارش ہے اپنا پریس گیلری کارڈ ہمراہ رکھیں۔