اسلام آباد: (دنیا نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے اسلام آباد میں فوج نے سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے دستوں نے ڈی چوک کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے، پاک فوج کے دستوں کا ڈی چوک سمیت ریڈ زون میں گشت جاری ہے۔
وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیئے تھے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی مناسبت سے 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک اسلام آباد میں فوج تعینات رہے گی۔
محسن نقوی کا دورہ
دوسری جانب وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے رات گئے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ پاک آرمی کے جوان بھی موجود تھے، وزیر داخلہ نے ڈیوٹی پر معمور پاک فوج اور پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔
وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کا مورال بلند ہے، آئی جی اور جوان بھی جاگ رہے ہیں، اس وقت سب سے اہم چیز ایس سی او کانفرنس ہے، ہمارے ہاں مختلف بین الاقوامی وفود آرہے ہیں، میرا خیال تھا یہ لوگ واپس چلے جائیں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ اب مجھے ان کی نیت بالکل واضح نظر آرہی ہے، ان کا مقصد بڑے ایونٹ کو سبوتاژ کرنا ہے، اس وقت پولیس، ایف سی، رینجرز اور آرمی سب موجود ہیں، وزیراعلیٰ کے پی جب ہماری حدود میں پہنچیں گے تب دیکھیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس سے قبل کہا تھا کہ کسی کو دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔