اسلام آباد:(دنیا نیوز) مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا بنایا قانون عدالت کو ماننا پڑے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر بینچ کے دو ججوں نے کہا ہے آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ آئین بناتی ہے، ہم نے قانون بنا دیا عدالت کو اب اسے ماننا پڑے گا، اگر عدالت نہیں مانتی تو اس پر ملک کے دانشوروں کو سوچنا ہوگا، اگر ارکان اسمبلی غلطی کرسکتے ہیں تو یہ 8 ججز بھی غلطی کرسکتے ہیں۔
مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین کہتا ہے آزاد امیدوار3 دن میں اپنی پارٹی کا فیصلہ کرے گا، فیصلے نظر ثانی پر آکر ختم ہو جاتے ہیں، اس وقت عدالت پابند ہے جو 2017 میں قانون بن چکا ہے اس کو بھی دیکھے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ عدلیہ کی عزت ،عظمت اور اہمیت کو جس نے بھی نقصان پہنچایا وہ یہ خود ہیں، بانی پی ٹی آئی کو بھی معلوم ہے چائنہ کے وزیر عظم آرہے ہیں، پی ٹی آئی آج تک پر امن احتجاج کرنا نہیں جانتی۔
آئینی ترامیم کیلئے نمبر گیم کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا کے ہمارے ساتھ نہ ہونے سے اپر ہاؤس میں مشکلات ہوں گی۔