کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ نے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء کے خلاف بھی آپریشن کاحکم دے دیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ونگ کا اجلاس ہوا، شرجیل انعام میمن نے منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی چیزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کئے۔
شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ رزل پیپر، رولنگ مشین، میتھ پائپ، گلاس پائپ اور منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی دیگر اشیاء کی فروخت کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، کسی بھی جگہ، گھر، ہوٹل یا ریسٹورنٹ پر منشیات کے فروخت کی اطلاع پر کارروائی کی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ معاشرے میں منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویشناک بات ہے، منشیات کے خلاف آپریشنز میں رینجرز اور پولیس مکمل طور پر تعاون کر رہی ہے۔