اسلام آباد:(دنیا نیوز) اسلامی نظریاتی کونسل نے کریمینل نظرثانی پٹیشن نمبر 2/2024 (مبارک ثانی کیس) سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی متعدد شقوں پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا 238 واں خصوصی اجلاس چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کے زیر صدارت منعقد ہوا، کونسل کے اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں کونسل جلد تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ کو ارسال کرے گی، فیصلے میں بہت سے ایسے پہلو ہیں جن کو اسلامی احکام کے مطابق درست نہیں سمجھتی۔
کونسل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان اپنے فیصلہ مورخہ 24 جولائی 2024 پر دوبارہ از خود نظر ثانی فرمائیں، کونسل نے قراردیا کہ اس فیصلے سے پوری قوم اضطراب میں مبتلا ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ یہ قانونی موشگافیوں کی بجائے یہ ایمان اور حبِ رسول کا مسئلہ ہے، تمام طبقات کو باہمی مفاہمت سے اس کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، کونسل نے امید ظاہر کی کہ معزز عدالت ِعظمٰی اس فیصلے پر جلد نظرثانی کرے گی اور حکومت بالخصوص وزیراعظم اس سلسلے میں ہر حوالے سے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔