اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے امام مسجد نبویﷺ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے ملاقات کے دوران کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان مزید اتحاد اور تعاون کی ضرورت ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی بہترین تعلقات ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں، صدرمملکت نے دوطرفہ تعلقات مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لئے ثقافتی اور عوام کے درمیان تعلقات فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ سعودی عرب قریبی دوست ہے، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
امام مسجد نبویﷺ نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کی مضبوط شراکت داری ہے، دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔
امام مسجد نبویﷺ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا، انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی شروع کردہ اصلاحات سے سعودی عرب میں مزید ترقی اور خوشحالی آئے گی۔
صدر مملکت نے شہزادہ محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت کو سراہا، امید ہے کہ مسجد نبویﷺ کے امام کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، مسجد نبویﷺ کے امام نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔
امام مسجد نبویﷺ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر پارلیمنٹ ہاؤس بھی گئے اور چیئرمین سینٹ یوسف رضاگیلانی سے ملاقات کی۔
امام مسجد نبویﷺ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر اور چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین اور سعودی سفیر بھی ہمراہ تھے، چیئرمین سینٹ نے امام مسجدِ نبویﷺ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور ہم آہنگی پر بات چیت ہوئی۔