لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دریاؤں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی 88 ملی میٹر، گوجرانوالہ 17، بہاولنگر، قصور 11 اور شیخوپورہ میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، سیالکوٹ نالہ ایک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، سیالکوٹ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا سپیل 14 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامات مکمل ہیں۔