کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم کراچی سمیت صوبہ سندھ اور پاکستان کے نوجوانوں کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر دم لیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کامیاب یوتھ کنونشن پر نوجوانوں طلباء و طالبات کو خراج تحسین اورمبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ یوتھ کنونشن میں کراچی کے نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت پران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ یوتھ کنونشن کراچی سمیت ملک بھر کی سیاست اور آنے والی خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، آنے والا دور ڈیجیٹل اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا دور ہے، ہم اسے جتنا جلد سیکھیں گے یہ ہماری آنے والی نسلوں کی بقاء ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی سمیت پورے پاکستان کے نوجوانوں کو تعلیم یافتہ ہنرمند اور قابل بنائے گی، یوتھ کنونشن میں نوجوان طلباء وطالبات نے شرکت کرکے یہ ثابت کردیا کہ ان کی امیدیں آج بھی ایم کیو ایم سے وابستہ ہیں۔
چیئرمین ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ کامیاب یوتھ کنونشن کے انعقاد پر کارکنوں اور ذمہ داران کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔