پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ سیاحت کا اجلاس ہوا۔
صوبائی کابینہ اراکین اور چیف سیکرٹری سمیت محکمہ سیاحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں محکمہ سیاحت کے ریسٹ ہاؤسز کے بہتر انتظام سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا، صوبے کی آمدن میں اضافے کیلئے ریسٹ ہاؤسز کی لیز پالیسی کو تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
ریسٹ ہاؤسز میں بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے طویل المدتی لیز پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، سرمایہ کاری کے حساب سے ریسٹ ہاؤسز کی لیز کا دورانیہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، لیز پالیسی میں ضروری ترامیم کیلئے متعلقہ کابینہ اراکین اور دیگر حکام پر مشتمل کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی ایک ہفتے کے اندر لیز پالیسی میں ضروری ترامیم تجویز کرے گی، ریسٹ ہاؤسز لیز سے متعلق معاملات کی نگرانی کیلئے محکمہ سیاحت کے تحت قائم کمپنی کو فعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ سیاحت کی کمیٹی کی تشکیل کیلئے متعلقہ قوانین میں ترمیم کی ہدایت کی، کے پی سی ٹی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی، سرکاری اثاثوں کی انوینٹری کو ڈیجیٹائز کرنے کی بھی ہدایت کی۔