شیخوپورہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ تحریک انصاف نے صرف ملک میں بربادی کی داستانیں چھوڑی ہیں۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی ترقی کیلئے میں نے ہمیشہ کوششیں کیں، مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، کسان کو سبسڈی کی براہ راست فراہمی کیلئے حکومت ایک نظام بنانے جا رہی ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ قوم دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائے گی اور پاکستان ترقی کی منزل حاصل کرے گا، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی ترقی بھی نوازشریف اور شہبازشریف کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نوازشریف کے دور حکومت 2013ء اور 2018ء میں ملک ترقی کر رہا تھا، پاکستان کی خاطر آج پھر مسلم لیگ (ن) دن رات محنت کر رہی ہے، ہم وزیراعظم شہبازشریف کی سپیڈ کے ساتھ چلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کیلئے ہم سب وزیراعظم کی کوششوں کے ساتھ ہیں، یقین دلاتے ہیں مسلم لیگ (ن) کی قیادت پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گی۔