کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم رہنما و اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ اگر لیڈر شپ کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے تو متحدہ قومی موومنٹ کے پاس بھی ثبوت موجود ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ آپ کی پرفارمنس سب کے سامنے موجود ہے، اس شہر میں 15 ہزار بسوں کی ضرورت ہے، آپ نے صرف 15 بسیں دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ آج صبح ایم کیو ایم نے پریس کانفرنس کی، اس پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ پی پی کی سندھ میں حکومت کو 16 سال ہو گٸے لیکن سندھ میں ترقی براٸے نام ہے، مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں سندھ حکومت کی گورننس پر بات کی۔
علی خورشیدی نے کہا کہ سندھ حکومت کے درجن بھر ترجمانوں ایک کے بعد ایک نے اپنے بیانات جاری کیے، شہر کے میئر کی اوقات کیا ہے کہ وہ اس طرح کی بات کر رہا ہے، مون سون کے انتظامات کی بات کرنے کے بجائے وہ سندھ حکومت کے ترجمان بن گئے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ صوبے کے عوام کو آج پریس کانفرنس کے ذریعے آئینہ دکھایا گیا، ہمارے کسی ایک رکن سندھ اسمبلی نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کو ٹارگٹ نہیں کیا۔