لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر پولیس نے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں اور عید اجتماعات کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت 26 ہزار 500 مساجد، امام بارگاہوں، 900 کھلے عید اجتماعات پر 40 ہزار اہلکار تعینات ہونگے۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور میں نمازِ عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی پر 6 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ 498 سپیشل پولیس، 260 کیو آر ایف ٹیمیں بھی سکیورٹی پر تعینات ہوں گی۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ 227 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 3 ہزار اہلکار انجام دے رہے ہیں، قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جائے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے، مساجد اور امام بارگاہوں کی چھتوں پر سنائپرز اور سادہ لباس میں کمانڈوز کو تعینات کیا جائے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عید تعطیلات کے دوران پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔