لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کاشتکار بھائیوں کیلئے کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
کسان کارڈ کی رجسٹریشن کے آغاز سے متعلق اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ کی رجسٹریشن کیلئے درخواست گزار اپنے موبائل سے سپیس، پی کے سی (Space PKC) اور شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070 پر میسج بھیجیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کاشتکاروں کی خوشحالی اور پیداوار میں اضافہ ہمارا عزم ہے، کسانوں کو سالانہ 300 ارب روپے کے پیداواری قرضے دیئے جائیں گے، ہر کسان ایک فصل کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے تک آسان قرض حاصل کر سکے گا، کسان کارڈ سے کھاد، بیج اور دیگر زرعی مداخل خرید سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 لاکھ کاشتکارکسان کارڈ سے مستفید ہوں گے، ساڑھے 12 ایکڑ تک اراضی کی ملکیت رکھنے والے کسان کارڈ رجسٹریشن کے اہل ہوں گے، کسان کارڈ کیلئے زمین کا اراضی ریکارڈ سنٹر میں رجسٹرڈ ہونا اور کاشتکار کے اپنے شناختی کارڈ نمبر پر موبائل سم کا رجسٹرڈ ہونا لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار کے شناختی کارڈ کی نادرا ریکارڈ سے تصدیق کی جائے گی، کاشتکار کسی مالیاتی ادارے کا نادہندہ نہ ہو، کاشتکار بلاسود قرضے کی آسان اقساط 6 ماہ میں واپس کرے گا، قرض کی ادائیگی کے بعد کاشتکار اگلی فصل کیلئے دوبارہ قرض حاصل کرنے کا اہل ہوگا۔