پنجاب میں آندھی کے ساتھ بارش، مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

Published On 05 June,2024 10:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور طوفان کیساتھ بارش نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

وزیر آباد میں دیوار گرنے سے بیٹی جاں بحق جبکہ ماں شدید زخمی ہوگئی جبکہ تیز آندھی کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار گرین بلٹ سے ٹکرا کر موقع پر دم توڑ گیا۔

شکرگڑھ میں چھمال روڈ پر تیز آندھی کے باعث گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگئے، زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

سیالکوٹ، پسرور اور ڈسکہ میں بھی تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں دو بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے، بھیرہ کے علاقوں چک مبارک ، ہجکہ اور فتح گڑھ میں آندھی کے باعث مختلف حادثات میں درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

شیخوپورہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، بشیر نامی شخص کھیتوں میں کام کررہا تھا کہ آسمانی بجلی کا شکار ہوگیا، چنیوٹ میں چک نمبر 229 میں آسمانی بجلی گرنے سے لاکھوں مالیت کے درجن سے زائد جانور ہلاک ہوگئے۔