انشااللہ بانی پی ٹی آئی بہت جلد رہا ہوں گے: بیرسٹر گوہر، شبلی فراز

Published On 03 June,2024 05:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور مرکزی رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج لوگوں نے بارش کا پہلا قطرہ دیکھا، عنقریب قوم باران رحمت دیکھے گی، انشااللہ بانی پی ٹی آئی بہت جلد رہا ہوں گے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے لیے خوشی کا دن ہے، آج عوام نے دیکھا کہ انصاف کا علم بلند ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود کی سزا معطل، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری کر دیا

انہوں نے کہا کہ ایک ناحق اور بےبنیاد کیس کا خاتمہ ہوا ہے، اس کیس کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی نے 10 ماہ جیل میں گزارے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام اور اعتماد کیا، عدلیہ سے آج بھی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ انصاف کا بول بالا ہوگا، یہ سارے انتقام پر مبنی سیاسی کیس انشااللہ ختم ہوں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ، انصاف کا تازہ جھونکا ہمیں ملا ہے، امید ہے مخصوص نشستوں میں بھی ہمیں انصاف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے سپریم کورٹ ہمیں ہماری 78 نشستیں واپس دلائے گی : بیرسٹر گوہر

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت مایوس کن دن دیکھے ہیں اور مایوسی دیکھی ہے، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو اللہ نے سرخرو کیا ہے، یہ سیاسی بنیادوں پر بنائے ہوئے کیسز تھے۔