متنازعہ ویڈیو معاملہ: ایف آئی اے نے بیرسٹر گوہر، عمر ایوب اور رؤف حسن کو طلب کرلیا

Published On 01 June,2024 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمان ویڈیو کی اپ لوڈنگ کے معاملے میں مزید پیش رفت ہوئی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بعد ایف آئی اے نے بیرسٹر گوہر، عمرایوب اور رؤف حسن کو بھی نوٹس جاری کر دیئے، تینوں پی ٹی آئی سینئر رہنماؤں کو منگل کو ایف آئی اے نے 11 بجے انکوائری کیلئے بلا لیا۔

نوٹس بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر کی جانے والی انکوائری پر جاری کئے، نوٹس کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی جس سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہے۔

متن میں مزید کہا گیا اس اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔