اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو کلیدی اہمیت دیتی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بدھ مت کے رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی، وفد وزارت خارجہ کے زیراہتمام ایک سمپوزیم اور ’’گندھارا سے دنیا تک‘‘ کے عنوان سے ایک نمائش میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے۔
وفد میں سری لنکا کے وزیر برائے بدھاساسنا، مذہبی اور ثقافتی امور، ودورا وکرمانائیکا، ویتنام سے تھیچ ڈک ٹوان، تھائی لینڈ سے انیل ساکیا اور نیپال سے ڈاکٹر کیشبمن شاکیا شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا، انہوں نے سمپوزیم میں ان کی شرکت پر اظہار تشکر کیا جو ’ویساک ڈے‘ کے سلسلے میں منعقد کیا جا رہا ہے جو مہاتما بدھ کی پیدائش، روشن خیالی اور انتقال کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اپنے بدھ مت کے قدیم ورثے پر فخر ہے جو دو ہزار سال قبل گندھارا آرٹ اور ثقافت کی شکل میں شمال مغربی پاکستان میں پروان چڑھا، شہبازشریف نے بین المذاہب ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کے فروغ کے لئے بدھ مت کے علماء اور راہبوں کی گرانقدر خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
بدھ رہنماؤں نے تمام مذاہب کے لئے شمولیت اور احترام کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم کے عزم کی تعریف کی۔
ملاقات میں وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین، وزیر اطلاعات و نشریات و ثقافتی ورثاء عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے بھی شرکت کی۔