وزیراعظم سے ترک وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت، دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

Published On 20 May,2024 05:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ترکیہ کے وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے مابین خصوصی اہمیت کے حامل برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ترکیہ کا دو طرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا اعادہ

وزیراعظم شہبازشریف نے دونوں ممالک کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کا حجم بہترین باہمی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں، آئندہ تین برس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی دعوت دی، انہوں نے کہا کہ ہم ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی صنعتوں کو منتقل کرنے کیلئے دعوت دے رہے ہیں، عالمی و علاقائی حالات بالخصوص غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی ملاقات میں گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے اکنامک ایڈوائزری کونسل کی تشکیل کر دی، نوٹیفکیشن جاری

شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب اردگان کی مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے غزہ میں مکمل جنگ بندی کی حمایت کی بھی تعریف کی، وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کیلئے دو ریاستی حل کی کلیدی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردگان کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی، ترک صدر کو ہائی لیول سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے 7 ویں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت کا پیغام بھی دیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کی قومی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔