لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، بجلی کی چوری کو روکنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
وزیر مملکت علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی سردار اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ملک کو گھمبیر مسائل سے نکال کر بہتری کی طرف لے کر جائیں گے، ن لیگ نے پہلے بھی انقلابی اقدامات کر کے ملک کو اندھیروں سے نکالا، ن لیگ کی حکومت کے خاتمے سے ملک میں تنزلی آئی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان کو ہمیشہ کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے آزاد کیا تھا، 2017 میں ملک بھر میں نیٹ میٹرنگ کا آغاز ہوا تھا، آج ملک میں ایک لاکھ کنکشنز نیٹ میٹرنگ پر موجود ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نیٹ میٹرنگ پالیسی کا جائزہ لے گی ضرورت ہوئی تو اس میں نظرثانی کریں گے، جن نیٹ میٹرنگ کمپنیوں سے معاہدہ ہو چکا اس میں تبدیلی نہیں ہو گی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ ملک میں بجلی چوری اب بھی بڑا مسئلہ ہے، بجلی چوری سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، بجلی چوری کو روکنا ہو گا اور اس کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے، ہماری حکومت سولرائزیشن کے حق میں ہے ، سولر کی قیمت کم ہونے سے انویسٹمنٹ ایک سال میں ریکور ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاور سیکٹر میں بہت سے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، محکمے میں 28 سے 30 مسائل کی نشاندہی کی ہے، پاور سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک صوبے میں بجلی کوسیاست کی بھینٹ چڑھا دیا گیا، امید ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بجلی چوری پربہترتجاویزدیں گے، خیبرپختونخوا حکومت بھی پنجاب کی طرح بجلی چوری کے خلاف اقدامات کرے، امید ہے خیبرپختونخوا حکومت تعاون کرے گی۔