لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن پہنچ گئے، گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس کی حالت یکسر بدل گئی، جس سے شہری بھی خوش دکھائی دیئے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی، شہریوں نے وزیر داخلہ سے کہا کہ آپ کا بہت بہت شکریہ، 30 برس بعد گارڈن ٹاؤن کے رہائشیوں کی سنی گئی، قریبی گھر کے رہائشی میاں داؤد نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی وجہ سے ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہوا ، محلے دار بہت خوش ہیں۔
محسن نقوی نے ڈپٹی ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس کوبزرگ شہری کا مسئلہ حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں، وزیرداخلہ نے انچارج پاسپورٹ آفس کو شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بھی ہدایات دیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلنے سے شہریوں کو بہت سہولت ملی ہے، رش بھی کم ہوا ہے اور شہریوں کے لئے انتظار کی زحمت بھی ختم ہوئی ہے، پاسپورٹ بنوانے کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔