کے پی نے پنجاب کے کسانوں سے گندم خریداری شروع کر دی: بیرسٹر سیف

Published On 17 May,2024 10:43 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب کے کسانوں سے گندم خریداری شروع کر دی۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ 30 جون تک پنجاب کے کاشتکاروں سے تقریباً 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی، کمیشن مافیا کے ڈسے پنجاب کے کسانوں کی مدد کے لئے خیبر پختونخوا حکومت موجود ہے، پنجاب کے کاشتکاروں سے 3900 روپے فی من گندم خریدی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کسانوں کے حقوق پر ڈاکہ مارنے والے سامنے آنے چاہئیں: حافظ نعیم الرحمان

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کسانوں کو مافیا نے 300 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا ہے، مافیا کو سزا دینے کی بجائے راج کماری انتظامیہ نے الٹا کسانوں پر ڈنڈے برسائے، راج کماری کسان کارڈ کا جھوٹا ڈرامہ کر رہی ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کے کسانوں کے دکھوں کا مداوا کر رہی ہے جبکہ راج کماری پولیس وردی کے فیشن میں مصروف ہے، محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے خیر مقدمی بینر آویزاں کر دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: کسان کارڈ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی

انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کو بونگیاں مارنے کی بجائے خیبر پختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہئے، اگر خیبر پختونخوا حکومت بھی پنجاب کسانوں کی مدد نہ کرے تو بیچارے کسان کہاں جائیں گے۔