اسلام آباد :(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے منتخب ایم این اے علی پرویز ملک نے وزیر مملکت برائے خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
ایوان صدراسلام آباد میں تقریب حلف برداری ہوئی ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ ن کے نومنتخب ایم این اے علی پرویز ملک سے وزیر مملکت برائے خزانہ کے عہدے کاحلف لیا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ کا حلف اٹھانے کے بعد ایم این اے علی پرویز ملک کو صدر مملکت آصف علی زرداری اور ایم این ایز نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے نومنتخب ایم این اے علی پرویز ملک نے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 119 سے کامیابی حاصل کی تھی ، عام انتخابات میں یہ نشست وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جیتنے کے بعد چھوڑی تھی۔
واضح رہے علی پرویز ملک ،ایک پاکستانی سیاست دان ہیں جو اگست 2018 سے اگست 2023 تک پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن رہے۔ وہ 2018 کے پاکستانی عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے طور پر حلقہ NA-127 لاہورسے پاکستان کی قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے، ان کے والدین پرویز ملک اور ان کی والدہ شائستہ پرویز ملک بھی متعدد بار ایم این اے رہ چکے ہیں ۔