بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج، 5 قراردادیں پیش کی جائیں گی

Published On 17 May,2024 08:40 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد آج دوبارہ ہو گا، اجلاس میں خاران میں میڈیکل کالج کے قیام سمیت 5 قراردادیں پیش کی جائیں گی۔

بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ایجنڈے کے مطابق جمعہ کی صبح 11 بجے منعقدہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر میر شعیب نو شیروانی، ارکان اسمبلی محمد صادق سنجرانی، میر زابد علی ریکی، غلام دستگیر با دینی خاران میں شہید سالار میڈیکل کالج کے قیام کی قرار داد پیش کریں گے۔

بی این پی عوامی کے میر اسد اللہ بلوچ بلوچستان کے قدرتی گیس کی سہولت سے محروم اضلاع میں ایل پی جی پلانٹ لگانے کو یقینی بنانے، جمعیت علماء اسلام کے رکن میر زابد علی ریکی بسیمہ تا خاران روڈ کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں شامل کر کے پختہ کرنے کی قرارداد پیش کریں گے۔

نیشنل پارٹی کے رکن میر رحمت صالح بلوچ ضلع پنجگور میں فور جی انٹرنیٹ کی سہولت کو فوری طور پر بحال کرنے اور نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی خیر جان بلوچ محکمہ صحت کا سالانہ بجٹ این ایف سی ایوارڈ کے مطابق ترتیب دینے سے متعلق قراردادیں پیش کریں گے۔