شہر قائد میں موسم شدید گرم اور مرطوب، بارش کا کوئی امکان نہیں

Published On 16 May,2024 11:12 am

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد کراچی میں سورج سوا نیزے پر آگیا، آج بھی موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر میں آئندہ ہفتے سے مزید شدت کا امکان ہے جبکہ شہر قائد سمیت اندرون سندھ میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جانے کا امکان ہے۔

شہر میں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔

دوسری جانب اندرون سندھ میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، کیا گیا جبکہ آج دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ و اطراف میں درجہ حرارت 45 تا 50 ڈگری کے درمیان ریکارڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔