عدالت کا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کا حکم

Published On 15 May,2024 11:55 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے شہری کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔

کراچی میں ضلع وسطی سے لاپتہ شہری کی بازیابی کے لیے درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فضل میر اپنے بھائی کو ضمانت کے بعد سینٹرل جیل سے لینے گیا تھا، نامعلوم افراد زبردستی فضل میر کو ساتھ لے گئے۔

جسٹس نعمت اللہ نے کہا کہ یہ کیا مذاق ہے؟ ایک بھائی کو جیل سے نکال کر دوسرے کو غائب کر دیا؟ اس قسم کے رویے برداشت نہیں کیے جائیں گے، لاپتہ شہریوں کی گمشدگی کے فوری مقدمات درج کر کے سراغ لگانا ہو گا۔

بعدازاں عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ کو فوری جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی حکومت، وفاقی حکومت اور دیگر سے 29 مئی کو جواب طلب کر لیا۔