بانی پی ٹی آئی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت15 مئی تک ملتوی

Published On 13 May,2024 02:20 pm

راولپنڈی: (دنیانیوز) احتساب عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس پر سماعت 15 مئی تک ملتوی کردی ۔

اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے، نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء ظہیر عباس چودھری، انتظار پنجوتھہ اور شعیب شاہین و دیگر پیش ہوئے۔

وکلاء صفائی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے طبی معائنے اور سعیدہ وارثی سے ملاقات کی درخواستیں دائر کی گئیں ۔ عدالت نے طبعی معائنے اور سعیدہ وارثی سے ملاقات کی درخواستیں منظور کر لیں۔

سماعت میں نیب کے 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ اور 2 پر جرح مکمل کرلی گئی، 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس میں مجموعی طور پر 30 گواہان کے بیانات ریکارڈ 19پر جرح مکمل ہوگئی۔

بعدازاں 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل ریفرنس کی سماعت 15 مئی تک ملتوی کردی گئی۔