حیدر آباد:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں کی امیدیں پیپلزپارٹی سے وابستہ ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم نے یقین دلایا ہے کہ کوئی سکول اب ٹیچرز کی کمی کی وجہ سے بند نہیں ہوگا ،ہم صحت کے شعبہ میں بہترین کام کررہے ہیں ، ہم پرائیویٹ سیکٹر کے ہسپتالوں کو بھی سپورٹ کررہے ہیں، این آئی سی وی ڈی نیٹ ورک سے ہزاروں جانیں بچی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور کراچی کے میئرز پیپلزپارٹی سے ہیں، سندھ کے لوگ پیپلزپارٹی سے امیدیں لگائے ہوئے ہیں، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہم کسان کارڈ پر بھی کام کررہے ہیں ، کل بلاول بھٹو سے کسان کارڈ بارے اجلاس ہوا ہے ، ہم نے بے نظیر لیبر کارڈ پر بھی کام شروع کردیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ہمیں ٹاسک دیا ہے کہ سندھ کے اندر صاف پینے کا پانی ہر فرد، ہر محلے، ہر گاؤں تک پہنچنا چاہیے، چیئرمین بلاول نے الیکشن مہم میں کہا تھا کہ 300 بجلی کہ یونٹس بجلی فری دیں گے، ہم اس پر بھی کام کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہم سیلاب متاثرین اور انفراسٹرکچر کے لیے کام کررہے ہیں، ہم نے 21 لاکھ گھر بنانے کا ارادہ کیا ہے، ان 21 لاکھ گھروں کی فنڈنگ کا بندو بست ہوگیا، اس وقت 6 لاکھ کے قریب گھر زیر تعمیر ہیں، تقریبا ایک لاکھ کے قریب گھر بن گئے ہیں۔