اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو ریاست اور اداروں کیخلاف بغاوت کی گئی، سانحہ 9 مئی میں بیگناہوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگائے گا، جنہوں نے ریاست کے خلاف بغاوت کا ماحول پیدا کیا ان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔
وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام شہدا اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب منعقد کی گئی، وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تقریب میں شرکت کی، شہباز شریف نے اپنی نشست سے اُٹھ کر شہدا کے ورثا کا استقبال کیا۔
تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی سمیت شہدا کے اہل خانہ نے اظہار خیال کیا، تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بھی آبدیدہ ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی پاکستان، ریاست اور سپہ سالار کے خلاف بغاوت تھی: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے عظیم شہدا کے ورثا کو سلام پیش کرتا ہوں، شہدا نے دلیری اور جرات سے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے جان قربان کی، شہدا کے ورثا کے درمیان ہونا میرے لیے باعث فخر ہے، شہدا نے جان دے کر لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچا لیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہدا کے ورثا کو سلام پیش کرتی ہے، شہدا کے ورثا نے حوصلے اور ہمت سے اپنے پیاروں کی داستانیں بیان کیں، قوم آج کے دن اپنے شہدا اور غازیوں کو سنہری الفاظ میں یاد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2019ء میں دشمن نے چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی، پاکستان کے جانبازوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیا، شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی قوم برداشت نہیں کر سکتی، جنہوں نے ریاست کے خلاف بغاوت کا ماحول پیدا کیا ان کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: قوم اور تاریخ سانحہ 9 مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی: وزیراعظم
وزیر اعظم نے کہا کہ شہدا کے ورثا اطمینان رکھیں قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے، سانحہ 9 مئی میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، قانون اپنا راستہ اپنائے گا اور انصاف کے مطابق فیصلے ہوں گے، 9 مئی جیسا سیاہ دن دوبارہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حملہ آوروں اور ان کے سرپرستوں نے شہدا کے اہل خانہ سے آج تک معافی نہیں مانگی، یہ بذات خود گواہی ہے، یہ سیاسی عمل نہیں بلکہ بغاوت کا ایک منظم منصوبہ تھا، بطور خادم پاکستان وعدہ کرتا ہوں شہدا کے بچوں کا خیال رکھیں گے، 9 مئی کو قیامت تک دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی سیاست قربان اور ریاست پر حملہ کرنے والی دو سوچوں کا دن ہے: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بغاوت اور دشمنی کرنے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے، نو مئی کے دن شہدا کے ورثا کے دلوں پر قیامت گزری، ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ آئندہ کبھی بھی 9 مئی جیسے سانحہ کی نوبت نہیں آنے دیں گے۔
علی ناصر رضوی
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہدا اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتا ہوں، قوم ہمارے ساتھ ہے اور ہم قوم کے ساتھ ہیں، وردی پہننے والے جان قربان کرنے کی قسم اٹھا کر آتے ہیں۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ 9 مئی کا دن کبھی نہیں بھول سکتا، 9 مئی کو شرپسندوں نے ایک افسر کی آنکھ لے لی، ایک آنکھ لینے سے شرپسند پولیس کا جذبہ ختم نہیں کر سکیں گے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ 9 مئی میں ملوث شرپسندوں کے سر نیچے ہیں اور ہمارے فخر سے بلند ہیں، ہم شرپسند عناصر کے آگے کسی صورت نہیں جھکیں گے، شرپسندوں کی طرف سے دیئے گئے زخم ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔
والد شہید میجر منیب افضل
تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے شہید میجر منیب افضل کے والد نے کہا کہ جو لوگ ملک و قوم کے تحفظ میں جان قربان کر جائیں انہیں مردہ نہیں کہتے، شہدا میں ملک و قوم کے دفاع کا جذبہ بےانتہا پایا جاتا ہے۔
والد شہید میجرمنیب افضل نے کہا کہ جس راہ میں ہمارے بیٹے شہید ہوئے ہیں اس پر ہمیں فخر ہے، ہمارے شہدا نے ہمارا سر فخر سے بلند کر رکھا ہے، پاک فوج شہدا کے ورثا کا بہت زیادہ خیال رکھتی ہے۔
اہلیہ شہید میجر اکبر اعوان
میجر اکبر اعوان شہید کی اہلیہ نے کہا کہ میجر اکبر اعوان شہید نے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی اس وطن اور قوم پر نچھاور کر دیا، شہیدوں کو مردہ مت کہیں، اب وقت ہے ہم سب مل کر پاکستان کو سنواریں۔
اہلیہ شہید میجر اکبر اعوان نے کہا کہ پاکستان کو اس مقام تک لے جائیں کہ شہدا کے خاندان فخر کریں، انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیں ایک لمحہ بھی تنہا نہیں چھوڑا۔
والدہ شہید کیپٹن کاشف
شہید کیپٹن کاشف کی والدہ نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے ملک کے لیے جان قربان کی، بیٹے کی شہادت میرے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا ہمارا دل دکھی ہے، شرپسند عناصر نے شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی کی، جو قومیں شہدا کا احترام نہیں کرتیں برباد ہو جاتی ہیں۔
والدہ شہید کیپٹن کاشف نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کو جلانے سے دل بہت دکھی ہے، شہدا کی یادگاروں کی بےحرمتی کوئی قوم برداشت نہیں کر سکتی، شہدا نے اس وطن اور قوم کے لیے جان قربان کی۔