کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے بارہ ارب روپے کے منصوبے کی بورڈ نے منظوری دے دی ہے، بارہ ماہ میں یہ منصوبہ مکمل ہوگا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر بلدیات کے سامنے ہم نے اپنا مقدمہ رکھا، پرامید ہوں وزیر بلدیات قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے، کسی ٹاؤن کا حق نہیں مارنا چاہتے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، ہم نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے، کراچی میں جو پانی کی قلت ہے اس کو دور کرنے کیلئے پیپلزپارٹی کا مجھ سمیت ہر ورکز اپنا کردار ادا کرے گا۔
میئرکراچی نے کہا کہ کراچی میں اضافی پانی لانے کی بورڈ نے منظوری دی ہے، حب کینال سے ایک نئی کینال کے ذریعے دس کروڑ گیلن پانی کراچی پہنچایا جائے گا، پرانی کینال کو بھی درست کیا جائے گا، ہم نے واپڈا کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حب کینال سے 15 کروڑ گیلن پانی روزانہ مل پائے گا، پیپلزپارٹی کے بلدیاتی نمائندگان کراچی میں پانی کے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔