اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کی جانب سے بنچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے آڈیو لیکس کیس میں بنچ پر اعتراض واپس لینے کی آئی بی کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آئی بی آڈیو لیکس کیس میں بنچ پر اعتراض کی درخواست واپس لینا چاہتا ہے۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی اعتراض والی درخواست تو پہلے ہی خارج کی جا چکی ہے، آرڈر آئے گا تو وہ آپ کو مل جائے گا۔
عدالت نے مزید کہا کہ آرڈر میں ڈائریکٹر جنرل آئی بی کو نوٹس کیا ہے کہ کیوں نا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، آرڈر میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کس نے درخواست دائر کرنے کی اتھارٹی دی تھی؟
جسٹس بابر ستار نے کہا کہ آپ نے جو جواب دینا ہے وہ آرڈر آنے کے بعد دے دیجئے گا۔
بعد ازاں عدالت نے انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کی جانب سے بنچ پر اعتراض واپس لینے کی متفرق درخواست خارج کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ آڈیو لیکس کیس پر سماعت کے دوران پیمرا، ایف آئی اے اور پی ٹی اے کی جانب سے جسٹس بابر ستار سے آڈیو لیکس کیس سے علیحدہ ہونے کی متفرق درخواستیں خارج کر دی تھیں۔