سندھ حکومت کا لال شہباز قلندر کے مزار کی توسیع اور بحالی کا فیصلہ

Published On 18 April,2024 06:27 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے لال شہباز قلندر کے مزار کی توسیع اور بحالی کا فیصلہ کر لیا۔

چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی زیرصدارت حیدرآباد میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز، کمشنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر جامشورو اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف سمیت دیگر افسروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ اوقاف کی جانب سے لال شہباز قلندر کے مزار پر جاری ترقیاتی منصوبے پر بریفنگ دی گئی، چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ بائی پاس سے مزار تک نیا روڈ بنایا جائے گا، انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں ہر قسم کی تجاوزات کو ختم کیا جائے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ شہر کی ٹریفک کی بہتری کے لئے پارکنگ پلازا بنایا جائے گا، شہر میں موجود بس سٹینڈ کو بھی زیر استعمال لایا جائے، انہوں نے سیہون کی پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سکیموں کو بھی وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

سید آصف حیدر شاہ نے سیہون شہر کا ماسٹر پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماسٹر پلاننگ میں روڈ، ٹریفک مینجمنٹ، صحت، فراہمی اور نکاسی آب سمیت دیگر شعبوں کو شامل کیا جائے گا۔

چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ سیہون میں ریپڈ ریسپانس سینٹر اور ادویات کے لئے میگا سٹور بھی بنایا جا رہا ہے، انہوں نے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو ہدایت کی کہ درگاہ کے اندر کی مینجمنٹ بہتر کی جائے۔