اسلام آباد: (دنیانیوز) احتساب عدالت اسلام آباد نے صدر آصف زرداری ، سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر سماعت 7مئی تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف زرداری ، سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت میں نیب کی جانب سے میاں نواز شریف کے شامل تفتیش ہونے کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی ، گزشتہ سماعت پر نیب نے تفتیشی رپورٹ جمع کروانے کے لیے وقت مانگا تھا۔
نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان احتساب عدالت پیش ہوئے ، صدر آصف علی زرداری، انور مجید کی جانب سے ارشد تبریز ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔
دوران سماعت ارشد تبریز ایڈووکیٹ نے عدالت کوبتایا کہ پانچ سال کے لیے آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے ، شریک ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے شوگر مل کے اکاؤنٹ سے رقم بھیجی، شریک ملزمان عبدالغنی مجید اور انور مجید پر بھی کیس نہیں چل سکتا ۔
جج ناصر جاوید رانا نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر اس کو دیکھ لیتے ہیں ، عدالت نے کیس کی سماعت 7 مئی تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ 19 مارچ کو احتساب عدالت اسلام آباد نے صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق ریفرنس میں آئندہ سماعت پر قومی احتساب بیورو (نیب) سے رپورٹ طلب کی تھی۔