اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ نے ملک کو غریب کیا ہوا ہے: آصف زرداری

Published On 14 April,2024 07:55 pm

گڑھی خدا بخش: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان غریب ملک نہیں، اسلام آباد میں بیٹھے بابوؤں کی سوچ نے ملک کو غریب کیا ہوا ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ بی بی شہید نے مجھے پیپلزپارٹی کا چیئرمین بنایا تھا، کچھ دوست سمجھتے تھے کہ میں پارٹی کو نہیں چلا سکوں گا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمارے نصیب میں نہیں لکھا کہ پاکستان غریب ملک ہے، پاکستان کو ہر قسم کی دولت اللہ نے دی ہوئی ہے، ہمارے پاس دماغ کی کمی ہے، ہمیں سب کچھ سوچنا اور سمجھنا ہو گا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی طاقت سے صدر بنا ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی 40 سال سے لڑ رہی ہے، ہم ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں ہر کام سوچ سمجھ کر کرتا ہوں تاکہ ملک کو نقصان نہ ہو، عوام کا نقصان ملک کا نقصان ہے اور ملک کا نقصان ہمارا ہے، تاریخ میں کچھ لوگوں نے ملک کا نقصان کیا جو آج بھی برداشت کر رہے ہیں۔