9 مئی کے چارمقدمات میں فواد چودھری کی عبوری ضمانت منظور

Published On 15 April,2024 11:14 am

لاہور: (دنیانیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے چار مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی 20 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں فواد چودھری نے نو مئی کے چار مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر دی ، فواد چودھری اپنی اہلیہ حبا فواد کے ہمراہ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے ۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے درخواست ضمانت پر سماعت کی ، عدالت نے  20 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو فواد چودھری کی گرفتاری سے روک دیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا، فواد چودھری نے تھانہ ماڈل ٹاؤن کے 2 تھانہ گلبرگ اور نصیر آباد کے ایک ایک مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔

 عدلت کے باہر صحافیوں کے سوال پر کہ کیا آپ کو ابھی بھی گرفتاری کا خدشہ ہے؟  فواد چودھری نے کہا  کہ پاکستان میں ہر شخص کو ہر وقت گرفتاری کا خطرہ ہے۔

انہوں نے مزید کہ کہ وہ چار مرتبہ جیل سے ہو آئے ہیں اور ’اللہ خیر کرے گا‘۔