لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ کم وسیلہ طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی حقیقی عید ہے۔
عید سعید کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر امت مسلمہ اور پاکستانیوں کو عید کی خوشیاں مبارک! اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع نصیب ہوا، عید رمضان المبارک کے حوالے سے یوم تکمیل، رحمت الہٰی اور یوم تشکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ طبقات کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی حقیقی عید ہے، عید پر پاک وطن کے امن اور حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدائے وطن ہمارا فخر ہیں اور ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے ،شہداء کے اہل خانہ کو بھی عید پر یاد رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مبارک دن پر پاکستان کی سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعا گو ہوں، عید کے موقع پر عوام کی سکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمہ داری ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو ظلم و جبر سے نجات عطا فرمائے۔