ہم قرض میں پھنسے ہوئے، 2 سال بعد معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی: احسن اقبال

Published On 24 March,2024 07:13 pm

نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے یوٹیلیٹی سٹور نارووال کا دورہ کیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ماہ رمضان میں عوام کے لئے ساڑھے 12ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، آٹا، گھی، چینی اور دوسری اشیاء وافر مقدار میں یوٹیلیٹی سٹور پر موجود ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو معاشی چیلنج کا سامنا ہے، پورے ملک کا کاروبار ادھار پر چل رہا ہے، وفاقی حکومت کو ٹیکس کی صورت میں جو ریونیو ملتا ہے اس میں 1 ہزار ارب مزید قرضہ لیکر قرضہ ادا کیا جاتا ہے، یہ ایک پھندا ہے جس میں ہم پھنسے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 4 سالوں میں بانی پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کی معیشت کا کباڑہ کرکے گئی ہے، آج اس کے شکنجے میں پوری قوم آئی ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی جب یہ تباہی کر رہا تھا تو ہم اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کی قیمت کئی سال قوم کو ادا کرنا پڑے گی، 2 سالوں میں اصلاحات کے جب نتائج آئیں گے ملک کی معیشت دوبارہ اپنے پاؤں پو کھڑا ہوگی، حکومت کے خزانے میں پیسے آئیں گے تو ہم سبسڈی دینے کے قابل ہوں گے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعلق حکومت سے نہیں بین الاقوامی مارکیٹ کے نرخوں سے ہے، مہنگائی کی وجہ سے ہمیں بھی تیل مہنگا کرنا پڑتا ہے، ہم اپنی ضرورت کے مطابق تیل امپورٹ کرتے ہیں اس لئے اس پر ہمارا اختیار نہیں۔