اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو جلسے کی اجازت دینے کیلئے انتظامیہ کو 2دن میں فیصلہ کرنیکا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مسعود مغل نے جلسے کی اجازت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، عامر مغل کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا کہ دو دن میں فیصلہ کر کے رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت فریقین کو 30 مارچ کو رات 10 بجے اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے، پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ ایف 9 پارک یا ڈی چوک پر جلسے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالت فریقین کو جلسے کے روز سڑکیں بند کرنے، شرکاء کے خلاف پر تشدد کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کرے۔