اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر آج سماعت ہو گی۔
انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے پر تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق آج سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے کیس مقرر کرنے کی کاز لسٹ جاری کر دی۔
تحریک انصاف کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوں گے، درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا، عدالت سے 23 مارچ کو رات 10 بجے اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی کہ پاکستان تحریک انصاف کو پریڈ گراؤنڈ، ایف 9 پارک یا ڈی چوک پر جلسے کی اجازت دی جائے، عدالت فریقین کو جلسے کے روز سڑکیں بند کرنے، شرکاء کے خلاف پرتشدد کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کرے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں 23 مارچ کی درمیانی رات جلسے کی اجازت طلب کر رکھی ہے، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں جلسے کیلئے تین مقامات ڈی چوک، ایف نائن پارک اور پریڈ گراؤنڈ تجویز کیے گئے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ تینوں میں سے کسی بھی جگہ جلسے کی اجازت دی جائے، اگر 23 مارچ کو ممکن نہ ہو تو 30 مارچ کو جلسے کی اجازت دی جائے۔