پنجاب کابینہ میں شامل وزراء آج حلف اٹھائیں گے، گورنر ہاؤس میں انتظامات مکمل

Published On 06 March,2024 04:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ میں شامل وزراء آج حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کی حلف برداری کیلئے گورنر ہاؤس میں انتظامات مکمل کر لیے گئے، حلف برداری کی تقریب شام 4 بجے ہو گی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان صوبائی وزراء سے حلف لیں گے، پنجاب کابینہ میں 25 وزراء اور معاونین خصوصی کو شامل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ کے ناموں کی منظوری مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے دی، صوبائی کابینہ میں مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، پرویز رشید، عظمیٰ بخاری، خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق اور صہیب بھرت کو شامل کیا گیا ہے۔

فیصل ایوب کھوکھر، رانا اسحاق حیات، شیر علی گورچانی، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اور بلال یاسین بھی پنجاب کابینہ کا حصہ ہوں گے، مسلم لیگ (ق)، آئی پی پی کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا، عظمیٰ بخاری وزیر اطلاعات، مریم اورنگزیب کو منصوبہ بندی کی وزارت ملنے کا امکان ہے۔