کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سےبارش کی پیشگوئی کے بعد کے ایم سی کے تمام عملہ کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی اور دیگرمتعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ متوقع بارشوں کے پیش نظر کے ایم سی کا تمام عملہ ہائی الرٹ رہے، کے ایم سی کے متعلقہ محکموں میں چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نالوں کی صفائی کو بارش سے قبل یقینی بنایا جائے، شہر بھر کی کچرا کنڈیوں اور کھلے مقامات سے تمام کچرا صاف کیا جائے۔
ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے، شہر میں مین ہولز کے ڈھکن لگے ہونے چاہئیں۔
سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ شہر کو صاف رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، تمام مشینری فعال ہونی چاہئے اس ضمن میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔