لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں حکومت سازی کے معاملہ پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بائیس فروری کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کےمطابق پنجاب میں مخصوص نشستوں کی آئینی حیثیت متنازعہ ہونے کا خدشہ ہے، تحریک انصاف کے آزاد ارکان کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کےباوجود مخصوص نشستوں سے محروم ہونے کا امکان موجود ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا ہے کہ میری اطلاع کے مطابق بائیس فروری کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جارہا ہے میں اس کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ میرے علم میں نہیں کہ ابھی ہاؤس مکمل ہوا ہے یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن کے بغیر نہیں بلایا جاسکتا ہے، اگر آزاد ارکان کسی سیاسی جماعت میں شامل ہوئے تو انہیں مخصوص نشستوں سے محروم نہ کیا جائے، کسی جماعت کی مخصوص نشستیں دوسری جماعت میں بانٹنا مناسب نہیں ہوگا۔