وفاق، بلوچستان اور پنجاب میں پیپلزپارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی: بلاول بھٹو

Published On 10 February,2024 05:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق، بلوچستان اورپنجاب میں پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں نہیں لے کر جانا چاہیے، حکومت سازی کیلئے ہماری ترجیح پاکستان کے عوام ہیں، ہم ایسی مخلوط حکومت بنائیں جس سے ملکی صورتحال مستحکم ہو۔

انہوں نے کہا کہ ابھی الیکشن رزلٹ مکمل ہونے کے انتظار میں ہیں، پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں سے رابطہ نہیں ہوا، کم تیاری کے ساتھ پنجاب میں الیکشن مہم چلائی، لاہور میں رات تک ہم بڑے مارجن سے جیت رہے تھے،صبح اٹھا تو دیکھا کہ ہم ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ن لیگ، کے پی میں آزاد، سندھ، بلوچستان میں پی پی کی اکثریت

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار کیا فیصلے کرتے ہیں اس پر بھی عوام کی نظر ہے، میں رزلٹ پر مایوس بالکل نہیں ہوں، اس الیکشن سے نظر آیا ہے کہ پیپلز پارٹی کا پوٹینشل کیا ہے، پیپلز پارٹی کی پنجاب کی سیاست بہت روشن ہے، پنجاب کا وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی کے ووٹ کے بغیر خود کو منتخب نہیں کرواسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی ہم سب کو حکومت بنانے کیلئے کوشش کرنی پڑے گی، اگر ہماری حکومت بنی تو جو منصوبے سندھ میں دیئے وہی بلوچستان میں دینے کی کوشش کریں گے، چاہوں گا بلوچستان میں چھ ماہ میں این آئی سی وی ڈی جیسا منصوبہ بنادوں، بلوچستان میں امن پر زور دیں گے۔