این اے 56 کے مکین پانی کی قلت اور گیس لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کا شکار

Published On 02 February,2024 11:34 am

راولپنڈی: (فوزیہ علی) راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 کے علاقہ مکین پانی کی قلت اور گیس کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے دو چار ہیں۔

حلقے میں پانی کی قلت اور گیس لوڈشیڈنگ جیسے بڑے مسائل کے ساتھ سیوریج کے ناقص نظام سے بھی عوام پریشان ہیں جبکہ بارش کے بعد گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگتے ہیں۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 میں کل 5 لاکھ 23 ہزار 683 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جن میں خواتین ووٹرز 2 لاکھ 51ہزار 274 جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 72ہزار 459 ہے۔

این اے 56 میں ٹوٹل 371 پولنگ سٹیشنز ہیں جن میں سے 188 مرد جبکہ خواتین کیلئے 181 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں جبکہ 2 پولنگ سٹیشنز مشترکہ بنائے گئے ہیں۔

اسی حلقے میں مسلم لیگ ن کے حنیف عباسی اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جبکہ آزاد امیدوار شہریار ریاض اور پیپلز پارٹی کی سمیرا گل بھی میدان میں اتری ہیں۔

یاد رہے کہ2018 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے شیخ رشید 1 لاکھ 19 ہزار 362 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے اور انہیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی جبکہ ن لیگ کے دانیال چودھری نے 91 ہزار 879 ووٹ لیے تھے۔