لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت کیلئے درخواست پر وفاق و صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں انتخابی مہم کے دوران رکاوٹوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شہرام سرور چودھری نے زمان خان وردگ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ عام انتخابات کے موقع پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ناجائز تنگ اور ہراساں کیا جا رہا ہے، الیکشن مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ناجائز تنگ اور ہراساں کرنے سے روکے، لاہور ہائی کورٹ امیدواروں کو الیکشن مہم چلانے کی اجازت دے۔
عدالت نے معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومتوں سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا، سرکاری وکلاء نے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت طلب کی۔
بعدازاں عدالت نے سرکاری وکلاء کی استدعا منظور کر لی اور جواب داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی۔