راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 خود کش حملہ آوروں سمیت 9 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ 4 جوان اور 2 معصوم شہری شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی رات مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر خودکش بمباروں سمیت متعدد دہشت گردوں نے حملہ کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے حملے کا موثر جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا، اب تک 3 خودکش حملہ آوروں سمیت 9 دہشت گرد جہنم واصل اور 3 زخمی ہو چکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 جوان اور 2 معصوم شہری شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کا موثر جواب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے لوث عزم کا ثبوت ہے، سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔