لاہور: (دنیا نیوز) انتخابی مہم کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کے جلسوں اور ریلیوں کا شیڈول سامنے آ گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق شہبازشریف آج لاہور میں اپنے انتخابی حلقے این اے 123 میں 31 مقامات کا دورہ کریں گے، صدر ن لیگ این اے 124 کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کریں گے، سابق وزیراعظم 23 جنوری کو احمد پور شرقیہ میں اہم مقامات پر ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم 25 جنوری کو منڈی بہاؤالدین کا دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف مقامات پر ریلیوں سے خطاب کریں گے، صدر مسلم لیگ ن 27 جنوری کو راولپنڈی جبکہ 29 جنوری کو راجن پور جائیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن مہم کے دوران شہبازشریف راجن پور کے علاقوں کا بھی دورہ اور مختلف مقامات پر خطاب کریں گے، سربراہ ن لیگ 30 جنوری کو لاہور میں رانا مشہود کے حلقے میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ الیکشن مہم کے سلسلے میں شہبازشریف 2 فروری کو ملتان روانہ ہوں گے، مسلم لیگ ن نے 2 فروری کو ملتان میں ہونے والے جلسے اور ریلی کیلئے شیڈول مکمل کر لیا ہے، ن لیگ کے صدر 3 فروری کو گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب اور مختلف علاقوں میں ریلیوں میں بھی شریک ہوں گے۔