اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کے معاملہ پر چیف سیکرٹری پنجاب نے سپریم کورٹ میں تفصیلی رپورٹ جمع کرادی۔
چیف سیکرٹری نے رپورٹ میں کہا کہ حکومت پنجاب پرامن آزادانہ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے آنے والی ہدایت کو تمام ڈی آر اوز کو عملدرآمد کیلئے بھجوایا گیا، ہدایات ڈی آر اوز سمیت دیگر افسروں کو بھی بھجوائی گئیں تاکہ تمام امیدوار بلا خوف و خطر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا سکیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کاغذات نامزدگی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات کی گئیں، آرٹیکل 220 کے مطابق پرامن شفاف انتخابات کیلئے تمام ڈپٹی کمشنروں کو الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی ہدایت کی گئی۔